حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب امام جمعہ مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو، علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے خطبۂ جمعہ میں ایامِ فاطمیہؑ کی اہمیت، مقام و منزلت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، تاریخی مناسبتوں، تحریکِ مقاومت کے عالمی اثرات اور پاکستان کی قومی سلامتی و علاقائی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ محض غم و ماتم کے ایام نہیں، بلکہ معرفت، وفاداری، حق شناسی اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عظیم پیغام رکھتے ہیں۔

علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یہ فرمان نقل کیا: «أَمَا وَاللهِ لَوْ تَرَكُوا الْحَقَّ عَلَى أَهْلِهِ وَاتَّبَعُوا عِتْرَةَ نَبِيِّهِ لَمَا اخْتَلَفَ فِي اللهِ اثْنَانِ» یعنی خدا کی قسم! اگر لوگ حق کو اس کے اہل کے سپرد کر دیتے اور اپنے نبیؐ کی عترت کی پیروی کرتے تو خدا کے بارے میں دو افراد کے درمیان بھی اختلاف نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے مجالسِ عزا اور شہادتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مختلف تاریخی تاریخوں کے حوالے سے بعض افراد سوالات اٹھاتے ہیں، حالانکہ یہ ایک علمی اور تحقیقی موضوع ہے۔ اس لیے بغیر تحقیق کے اعتراضات کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ علما کی دینی خدمات کی قدر کرنی چاہیے، کیونکہ وہ دینی تعلیم و تبلیغ کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے آیت اللہ شیخ جعفر کاشف الغطاءؒ سے منسوب ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ شہادت متعین کرنے کے لیے تحقیق شروع کی تھی، تاکہ مجالسِ عزا کے لیے ایک تاریخ مقرر کی جا سکے۔ اسی دوران ان کی والدہ نے خواب میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو دیکھا، جنہوں نے فرمایا کہ کیا یہ بیس دن بھی کم ہیں کہ تم میری مصیبت کو مزید محدود کرنا چاہتے ہو؟ والدہ نے بیدار ہونے کے بعد اپنے بیٹے کو خواب سے آگاہ کیا، جس کے بعد بیان کیا جاتا ہے کہ شیخ جعفر کاشف الغطاءؒ نے اپنی تحقیق روک دی اور ایامِ فاطمیہ کی مختلف مناسبتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

علامہ حافظی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقامِ شفاعت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپؑ امتِ رسولؐ کے لیے شفاعت کا عظیم وسیلہ ہیں۔ آپؑ کے مہر کے حوالے سے نقل ہونے والی روایت کے مطابق، آپؑ نے اپنے والدِ گرامی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا تھا کہ میرا مہر قیامت کے دن آپؐ کی امت کے لیے شفاعت قرار دیا جائے۔ روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپؑ کا مہر امتِ رسولؐ کے اہلِ ایمان کی شفاعت مقرر فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ ایامِ فاطمیہ اور واقعۂ کربلا کو ایک دوسرے سے جدا کرکے نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ ان کے تاریخی اور دینی پس منظر کو باہم مربوط کرکے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
عالمی حالات اور تحریکِ مقاومت کے حوالے سے علامہ حافظی نے کہا کہ آج دنیا کی توجہ ان لوگوں کی جدوجہد پر مرکوز ہے جو ظلم اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے اور اہلِ بیت علیہم السلام کے پیغام کو زندہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے آیت اللہ جوادی آملی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ایران میں تشیع کے ماضی کے حالات اور آیت اللہ العظمیٰ بروجردیؒ کے دور کا ذکر کیا، جب اسرائیل اور مصر کے درمیان کشیدگی کے دوران اسرائیل مخالف اور مصری مسلمانوں کی حمایت میں مجلس منعقد کرنے کے لیے بھی سازگار ماحول موجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج رہبرِ شہید کے خونِ مقدس، شہدائے اسلام کی قربانیوں اور حزب اللہ، حشد الشعبی، انصار اللہ اور حماس کے جوانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ آج امریکہ اور یورپ میں بھی جنگ کے دوبارہ آغاز کے خدشات پر گفتگو ہو رہی ہے اور دشمنوں کے درمیان اختلافات نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق کو اہلِ حق کے سپرد کرنا اور آلِ محمد علیہم السلام کی پیروی اختیار کرنا ہی دنیا میں عدل، امن اور حقیقی سکون کے قیام کا راستہ ہے۔

پاکستان کی قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس کے جوانوں کی شہادت کے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ تقریباً تین دہائیوں سے جاری اس صورتِ حال کے خاتمے کے لیے دہشت گردی کے خلاف حکمتِ عملی پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ان مسائل کو صرف داخلی معاملہ سمجھنے کے بجائے عالمی سازشوں اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال کے تناظر میں بھی دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے متعدد ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جو قومی سلامتی، معیشت اور ترقی کے لیے چیلنج ہے۔ اس صورتِ حال پر اہلِ فکر، دانش وروں، پالیسی سازوں اور اربابِ اختیار کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات، سفارتی کوششوں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو غیر معمولی دفاعی قوت اور ایٹمی صلاحیت عطا کی ہے۔ اس قوت کی حفاظت اور قومی مفاد میں دانش مندانہ استعمال ضروری ہے۔ ہمیں قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے ساتھ اپنی دفاعی صلاحیت بھی مضبوط رکھنی چاہیے۔ اسلام کا بنیادی پیغام امن، صلح اور احترامِ انسانیت ہے۔ ہم مذاکرات اور مکالمے پر یقین رکھتے ہیں، تاہم اگر کسی جانب سے جارحیت مسلط کی جائے تو اس کا بھرپور جواب دینا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں، بالخصوص میزائل ٹیکنالوجی اور زیرِ زمین میزائل شہروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان صلاحیتوں نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔ پاکستان کو بھی اپنی قومی طاقت محفوظ رکھتے ہوئے اسے امن و استحکام کے لیے دانش مندی سے بروئے کار لانا چاہیے۔










آپ کا تبصرہ